حکومت پنجاب نے انسداد دہشت گردی کی چار عدالتیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

Aug 10, 2020 | 21:07

سپیشل رپورٹر

لاہور ( سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے انسداد دہشت گردی کی چار عدالتیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی حتمی منظوری کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی. اس بارے میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں جن میں تقریبا چار عدالتوں میں پانچ یا دس کیسز ہیں ان کو بند کر دیا جائے گا ,ان کے کیس دیگر انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں ٹرانسفر کر دئیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے گزشتہ دس سالوں میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں اضافہ کر دیا تھا کیونکہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا لیکن اب دہشت گردی کے واقعات کم ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے بعض عدالتوں میں دہشت گردی کے کیس انتہائی کم ہیں اسلئے ان عدالتوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت پنجاب میں انسداد دہشت گردی کی 18 عدالتیں کام کر رہی ہیں جن میں لاہور میں چار عدالتیں ہیں ، جبکہ گوجرانوالہ میں 3 عدالتیں ہیں ملتان میں 2 عدالتیں ہیں۔اور فیصل آباد میں بھی 3 عدالتیں ہیں جبکہ سرگودھا ، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال میں بھی انسداد دہشت گردی کی عدالتیں ہیں ۔گزشتہ سال حکومت پنجاب نے سرگودھا میں دوسری عدالت بھی بنائی تھی۔ اب ان میں سے چار انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو ختم کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں