اسلام آباد+ کوئٹہ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) یکم محرم الحرام 1443ھ کا چاند نظر آ گیا ہے۔ چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ یکم محرم بروز منگل 10 اگست 2021ء کو ہوگی۔ محرم الحرام 1443ھ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ادھرصدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ہجری سال نو 1443 ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ میں یکم محرم الحرام اور اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال1443 ھ کے اغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتاہوں کہ یہ ہجری سال پاکستان اور پاکستانی قوم کے لیے باعث رحمت و برکت ہو،محرم الحرام اسلامی ہجری سال کے حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے اور یہ ہمیں بندگی، ایثار، قربانی اور کلمہ حق پر استقامت کا درس دیتا ہے۔ نئے اسلامی سال کے آغاز ہی سے گویا مسلمانوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ گذشتہ زندگی کا محاسبہ کر کے آئندہ زندگی کو بندگی، ایثار وقربانی اور حق وصداقت کے ساتھ گزارنیکے لیے خود کو از سر نو تیار کریں۔ بلا شبہ یہ امور ہی ایک مسلمان کی دنیوی واخروی کامیابی کے ضامن ہیں۔میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ آنے والا ہجری سال کرونا وائرس سمیت ہر قسم کی آفات اور مصائب سے محفوظ اور مامون ہو۔ اور یہ سال پاکستان، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کے لیے امن وآشتی اور ترقی وخوشحال کی نوید بن کر آئے۔
چاند نظر آگیا،آج یکم محرم، یوم عاشور 19 اگست کو ہوگا
Aug 10, 2021