اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا ہے کہ عالمی وباء کے باعث ترقی یافتہ ممالک کی توانا معیشتیں تنزلی کا شکار ہوئیں جو کہ تاحال پہلے کی سطح پر نہیں آ سکیں۔ پاکستان کے معاشی عشاریوں پر تشویش کا اظہار کرنے والے مالیاتی ادارے آج دنیا بھر میں ہمارے اقدامات کی مثالیں دے رہے ہیں۔خوردنی اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہو رہا ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے۔ صوبائی حکومتیں اور ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لیے متحرک و مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ایف اے ٹی ایف کے تحفظات کے پیش نظر اٹھائے جانے والے اقدامات سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔بارڈر کے ذریعے پاک بھارت تجارت میں تعطل کے باعث خوردنی اشیاء کے نرخوں میں ٹھہراؤ ممکن نہیں رہا۔جی ڈی پی کا 70فیصدسیاحت سے حاصل کرنے والے ممالک بحالی کی طرف نہیں آ سکے جبکہ پاکستان کی صورتحال اس شعبہ میں حوصلہ افزا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکیل چوہدری کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں انجمن ترقی پسند مصنفین کے زیر اہتمام پاکستان کے معاشی حالات پر خصوصی نشست میںکیا۔