اسلام آباد(نا مہ نگار)امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)نے کووڈ۔19اینٹیجن ریپڈ ڈائیگناسٹک ٹیسٹ(فوری تشخیص کے ٹیسٹ)کٹس حکومت پاکستان کے حوالے کر دیئے ہیں جو پاکستان پہنچ کر کوویڈ 19 کی موثر تشخیص میں مدد دیں گے اور ملک کودرپیش صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنائیں گے۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ ٹیسٹ وصول کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہم یو ایس ایڈ کی طرف سے ریپڈ ٹیسٹ مہیا کرنے پر ان کے شکرگزار ہیں۔ امریکہ کی طرف سے یہ امداد ونوں ملکوں کے درمیان موجودگہرے دوستانہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کی عکاسی کر تی ہے۔اس موقع پر، یو ایس ایڈکی مشن ڈائریکٹر، جولی کوئنن(Julie Koenen)نے کہاکہ، فوری تشخیص کے یہ ٹیسٹ کورونا کی سرویلنس اور تشخیص کے ذریعے پاکستان میں کورونا کے پھیلا کو روکنے میں معاون ثابت ہونگے۔سال2020 میں کرونا وبا کے آغاز سے ہی امریکہ پاکستان سمیت دنیاکے120ممالک میں انسانی جانوں کے تحفظ اور کرونا وبا کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے ۔