پانی کی مصنوعی قلت کے خلاف  بدین قومی شاہراہ پر آباد گاروں کا دھرنا 

گولارچی ( نامہ نگار) گولارچی شہر سے تقریباً 5 کلومیٹر دور مغرب کی جانب بچل واٹر بس اسٹاپ کے نزدیک بدین کراچی قومی شاہراہ پر سینکڑوں آبادگاروں نے نہری پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور مصنوعی قلت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو دھرنا دے کر اور ٹریکٹر ٹرالی و دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے بلاک کر دیا  جس سے شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں شاہراہ ایک گھنٹے سے زائد بند رہنے سے بدین کراچی اور دوسرے شہر آنے جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا مظاہرین کے رہنما منیر حسین شاہ، راجہ شاہ، مشتاق وڑائچ، بچل مہیری اور دیگر نے کہا کہ چاکری شاخ، کیر سری شاخ ، شیر واہ، بہادر واہ، گاجا واہ اور نہروں میں محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں نے جان بوجھ کر پانی کی مصنوعی قلت پیدا کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کی دھان کی پنیری سوکھ کر تباہ ہو رہی ہے جبکہ ہزاروں ایکڑ رقبے پر دھان فصل کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔ واضح ہو کہ  تعلقہ گولارچی میں گزشتہ دو ماہ سے قلت آب و نہری پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جگہ جگہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے 

ای پیپر دی نیشن