کوئٹہ (اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے نیواڈہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے دو کوکنگ آئل ایجنسیوں و ٹریڈنگ کمپنیز اور دو ہولسیلرز پر جرمانے عائد کردئیے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق کوکنگ آئل ایجنسیوں کو مختلف برانڈز کے غیر معیاری و ممنوعہ خوردنی تیل و بناسپتی گھی برآمد ہونے پر جرمانہ کیا گیا جبکہ ہول سیل ٹریڈرز کے خلاف نامعلوم برانڈز کا کھلا و ناقص کوکنگ آئل فروخت کرنے پر کارروائی کی گئی۔ مزید براں اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والے چار نئی کمپنیوں کے کوکنگ آئل اور دو مارجرین (Margarine) کے نمونے لیکر تجزیہ و تفصیلی جانچ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے علاقے میں قائم دیگر متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز کی بھی چیکنگ کی، اس دوران پندرہ سے زائد مراکز کو معمولی نقائص پر وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔
فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی، دو کوکنگ آئل ایجنسیوں و ٹریڈنگ کمپنیز اور دو ہول سیلرز کو جرمانے
Aug 10, 2021