کوئٹہ (اے پی پی)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر رجسٹرار عدالت عالیہ بلوچستان کی جانب سے ڈسٹرکٹ جوڈیشری سروس بلوچستان کے معزز جج صاحبان، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ و سکیورٹی اسٹاف کے لئے مختلف حکمنامے جاری کئے گئے ہیں ڈسٹرکٹ جوڈیشری سروسز کے معزز جج صاحبان کے لئے جاری کئے گئے حکمنامہ میں انھیں کہا گیا ہے کہ وہ کیس کی سماعت کھلی عدالت میں کرے اور متفرق درخواستوں کے معاملات پر اپنے چیمبر میں سماعت، باقاعدہ سماعت ،شہادت ریکارڈ کرنے، عارضی احکامات جاری کرنے سے سختی سے گریز کریں۔ عدالتی اوقات کار کی پابندی کریں ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے معزز جج صاحبان یونیفارم میں عدالت تشریف لائیں مقدمات نمٹانے کے لئے کارروائی تیز رکھیں۔کیس کی سماعت صرف ٹھوس وجوہات پر ہی ملتوی کی جائے اور اسے معمول نہ بنایا جائے مزید برآں انھیں یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ ناتمام کیسز کے بوجھ کو ختم کرنے کے لئے سنجیدہ کوشش کریں اور پرانے مقدمات جلد از جلد اور میرٹ و قانون کے مطابق نمٹائیں۔