شہرِ قائد کے نجی بینک میں 75 کروڑ روپے کے فراڈ کے کیس میں تفتیش کے دوران نئے انکشافات سامنے آگئے جبکہ 6 ملازمین سمیت گرفتار ملزمان کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سونا گروی رکھ کر قرض لینے کی اسکیم کو 75 کروڑ کا چونا لگانے والے ملزمان سے تفتیش میں نئے انکشافات سامنے آئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان زیورات کے 2 تھیلے لاتے تھے۔تفتیشی افسران کے مطابق ملزمان بینک کے عملے کی مبینہ ملی بھگت سے اصلی زیورات چیک کروا کر ان کی جگہ نقلی رکھ دیتے تھے اور بینک سے قرضہ لینے کیلئے سادہ لوح افراد کے شناختی کارڈز استعمال کرتے تھے۔کراچی پولیس نے جے ایس بینک فراڈ کیس میں ملوث ملزمان کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا جس سے 6 بینک ملازمین سمیت گرفتار ملزمان کی تعداد 14ہوگئی جن میں سے 10 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردئیے گئے۔
عدالت نے آپریشن منیجر کی کیس کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کردی جبکہ گرفتار ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نجی بینک میں 75 کروڑ روپے کے غبن کی انوکھی واردات ہوئی، سونا گروی رکھ کر قرض لینے والی اسکیم میں فراڈ گینگ کے ممبران کے قبضے سے 3 کلو سونا، 20 لاکھ روپے نقد اور 4 گاڑیاں برآمد کر لی گئیں جبکہ 10 ملزمان گرفتار ہوگئے۔
قبل ازیں نجی بینک میں فراڈ گینگ نے سونا گروی رکھ کر قرض لینے والی اسکیم کو 75 کروڑ کا چونا لگا دیا۔ آج سے 2 روز قبل کروڑوں کے فراڈ کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
نجی بینک میں 75کروڑ کے فراڈ پرتفتیش، نئے انکشافات، گرفتار ملزمان کی تعداد14ہوگئی
Aug 10, 2021 | 10:51