لاہور(سپورٹس رپورٹر)ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت آسکتی ہے تو پھر بھارت کی ہاکی ٹیم بھی پاکستان جا سکتی ہے۔ بھارتی وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ انڈین ٹیم کو کہیں جانے سے نہیں روکا جائے گا۔بھولا ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ بہت اہم ہے ٹیم کو نہیں روکا جائےگا، یہ اولمپکس کا سوال ہے ضرورت پڑی تو خود حکومت سے بات کروں گا۔ مجھے نہیں لگتا کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے میں کوئی رکاوٹ ہوگی‘ باقی پاکستانی حکومت پر ہے کہ وہ کس طرح ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتی ہے۔ کرکٹ کا معاملہ کرکٹ سے ہے لیکن ہمارہ معاملہ ہاکی ہے اس لیے اگر پاکستان ٹیم یہاں کھیل سکتی ہے تو ہم کیوں نہیں کھیل سکتے۔ بھارت کی ہاکی ٹیم اگر ایشین گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتتی تو اسے اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلنا پڑےگا۔ پاکستان 19 برس بعد پہلی مرتبہ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان کی میزبانی میں اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ آئندہ برس 13 سے 21 جنوری تک لاہور میں ہوگا۔
سیکرٹری ہاکی انڈیا
پاکستان ٹیم بھارت آ سکتی ہے تو ہم کیوں نہیں جاسکتے؟ سیکرٹری ہاکی انڈیا
Aug 10, 2023