وفاقی کابینہ سبکدوش، نوٹیفکیشن جاری، سندھ اسمبلی کی تحلیل کا ڈرافٹ بھی تیار

Aug 10, 2023 | 17:29

ویب ڈیسک

کراچی / اسلام آباد: وفاقی کابینہ سبکدوش ہوگئی .جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ سندھ اسمبلی کی تحلیل کا ڈرافٹ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کو سبکدوش کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت 83وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیر اور معاونینِ خصوصی سبکدوش ہوگئے۔

کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام 33 وفاقی وزرا اور 7 وزرائے مملکت کے ساتھ ساتھ 5 مشیران اور وزیر اعظم شہباز شریف کے 38معاونینِ خصوصی بھی عہدوں سے سبکدوش کردئیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی کابینہ کی سبکدوشی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد جاری کیا گیا جس سے وفاقی کابینہ باضابطہ طور پر تحلیل ہوگئی ہے۔

 دوسری جانب صوبائی محکمۂ قانون نے سندھ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔ مشیرِ قانون مرتضیٰ وہاب نے ڈرافٹ تیار کرنے کی تصدیق کردی۔صوبائی مشیرِ قانون مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلی 11 اگست کو تحلیل کردی جائے گی جبکہ سندھ اسمبلی کی آئینی مدت 13 اگست کو مکمل ہوجائے گی۔ اسمبلی وقت سے قبل تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔مشیرِ قانون کا کہنا ہے کہ محکمۂ قانون مروّجہ طریقہ کار کے تحت سمری وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو بھیجے گا۔ وزیر اعلیٰ کل اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کامران ٹیسوری کو ارسال کریں گے۔

مزیدخبریں