پس آئینہ
خالدہ نازش
میں نے اس کا نام بھی اس لسٹ میں درج کر دیا ، اور پھر تمام ناموں کے سامنے لکھی ہوئی ایک ایک سطر کو ازسرِ نو پڑھ کر اس نتیجے پر پہنچی کہ یہ نام تو لسٹ کی ٹاپ پر ہونا چاہیے تھا - کیونکہ یہ میرے مخالفین برائے مخالفین میں سب سے اعلیٰ درجے پر فائز ہو چکا تھا - اور اس کے لسٹ میں دیر سے شامل ہونے پر میں خود کو ملامت بھی کر رہی تھی کہ پہچاننے میں اتنی دیر کیوں کر دی - اس کی وجہ شائد گمان تھا جو اس تغیراتی دنیا میں مجھے اس کے غیر تغیراتی ہونے پر تھا - گمان بھی آنکھوں پر باندھی خوش فہمی کی پٹی کی طرح ہوتا ہے جو ہم کسی کو آزمائے بغیر آنکھوں پر باندھ لیتے ہیں - اور جب یہ پٹی ا±ترتی ہے تو گمان کے ساتھ ساتھ بھرم بھی ٹوٹتا ہے - میں ایسی تمام کرچیوں کو اکٹھا کر کے ایک لسٹ کی صورت میں سنبھال لیتی ہوں - میں نے اپنے تمام مخالفین ، خیر خواہوں ، دوستوں ، دشمنوں کی الگ الگ لسٹ بنائی ہوئی ہے - ان لسٹوں پر مخالف کے سامنے اس کی مخالفت ، خیر خواہوں کی خیر خواہی ، دوستوں کی دوستی ، اور دشمنوں کی دشمنی کی تفصیل بھی درج کی ہوئی ہے جس سے مجھے انہیں سمجھنے اور پہچاننے کے ساتھ ساتھ خود کو پہچاننے میں بھی آسانی ہو گئی ہے - کیونکہ میں نے معاملات کی طے میں جا کر نتائج اخذ کر کے ان لسٹوں میں ان تمام لوگوں کا ذکر کیا ہے کہ ان معاملات میں وہ کہاں کھڑے تھے اور میں کہاں کھڑی تھی - ایسا نہ کرنے کا مطلب ا±نہیں اپنے حال پر چھوڑ دینا ہوتا - اور اپنے حال پر چھوڑ دینے کا مطلب بار بار اپنے اوپر اٹیک کرانا ہوتا - اگر یہ سب لوگ میری یاداشت کے خانے میں محفوظ ہو جاتے تب بھی مجھے ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی - مگر میری یاداشت کو میری سوچ کی آوارہ گردی نے بہت کمزور کر دیا ہے کسی بات کو ذہن میں ٹھہرنے ہی نہیں دیتی - یہ تو میرے ذہن کا مجھ پر بہت بڑا احسان ہے کہ یہ مجھے کوئی نہ کوئی متبادل راستہ بتا دیتا ہے ، اور اب یہ لسٹیں میری یاد دہانی کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہو رہی ہیں - میں جب بھی اپنے دوست اور دشمن میں تمیز کرنا بھول جاتی ہوں تو فوراً ان لسٹوں کو دیکھتی ہوں اور پھر محتاط ہو جاتی ہوں - میں لسٹیں بنانے والی اپنی اس عادت پر خود کو شاباش دیتی رہتی ہوں - میں اپنی اس عادت پر اس قدر فدا ہوں کہ میں نے اپنی کامیابیوں ، ناکامیوں ، خوبیوں ، حامیوں ، محرومیوں اور پچھتاو¿وں کی بھی لمبی لسٹیں بنائی ہوئی ہیں - یہ مجھے حوصلہ بھی دیتی ہیں اور میری کمزوریاں دور کرنے میں میری مدد بھی کرتی ہیں - میں نے جب اپنی اس عادت کا ذکر اپنے ایک خیر خواہ سے کیا تو اس نے مجھے مشورہ دیا کہ اب مجھے اپنے مخالفین کی لسٹیں بنانے کی بجائے ریکارڈنگ کی طرف آنا چاہیے اور اپنے مخالفین ، دشمنوں ، حاسدوں نقادوں کی باتیں حفیہ طریقے سے ریکارڈ کر لینی چاہیے - یہ ایک جدید طریقہ ہے اس سے مجھے دو فائدے ہوں گے - ایک تو وہ اپنی حرکتوں سے باز رہیں گے دوسرا اس ریکارڈنگ کے زریعے انہیں بلیک میل کر کے بہت سے فوائد بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں - اس کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ ہمارے ملک میں بہت کار آمد ثابت ہو رہا ہے - ملک کے اربابِ اختیار کے پاس تمام اداروں کی ایسی ایسی حساس آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے جس سے انہیں بلیک میل کر کے اپنی مرضی کے کام کروائے جا سکتے ہیں - اب تو اس کام کو قانونی حیثیت دے دی گئی ہے - ملکی سالمیت کے نام پر ہمارا عسکری ادارہ جس کی چاہے فون ٹیپنگ کال ٹریسنگ لا فل انٹر سیپٹ کے نام پر کر سکتا ہے - اگرچہ پہلے بھی یہ کام ہو رہا تھا مگر اب قانونی طور پر اس ادارے کو یہ اختیار دے دیا گیا ہے کہ یہ جس کی چاہے آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کر کے انہیں میسنگ پرسن بنا کر ملکی سالمیت کو یقینی بنا سکتا ہے - یا اپنے خلاف آواز اٹھانے والوں کو خواہ وہ سیاست دان ہوں یا عام عوام ان ریکارڈنگ کے زریعے ملک سے چن چن کر نشان عبرت بنا کر ملکی سالمیت کو محفوظ کر سکتا ہے - اس سلسلے میں ملکی سالمیت کو سب سے بڑا خطرہ عدلیہ سے ہے جو عوام کے حق میں فیصلے دے کر ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈال سکتی ہے - اس لیے ایسے تمام ججوں کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ ضروری ہے جو آئین کے مطابق فیصلوں کی جرآت کرتے ہیں - اس بلیک میلنگ کے زریعے انہیں قابو رکھا جا سکتا ہے وگرنہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنا ان کے باغی ہو جانے کے مترادف ہے جو ملکی سالمیت کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے - میرے خیر خواہ نے مجھے بھی ریکارڈنگ کا جو مشورہ دیا ہے اس پر سوچا جا سکتا ہے - اس کے لئے صرف خود غرضی کی صفت اپنے اندر پیدا کرنی ہو گی تاکہ اگر کسی کے ساتھ زیادتی بھی ہو جائے تو میرا ضمیر کسی قسم کا شور نہ مچائے - خود غرضی ہے تو ایک برائی مگر جب کوئی بھی برائی لوگوں میں بہت مقبول ہونے لگے اور لوگ اسے اپنی زندگی کا حصّہ بنا لیں تو اس کے لئے صفت کی ٹرم استعمال کی جا سکتی ہے - یہ ایک ایسی صفت ہے جو لالچ ، فریب ، حق تلفی اور حسد جیسی خصلتوں کے ساتھ مل کر گروپ بندی کرتی ہے اور پھر ان سب کے ساتھ مل کر احساس پر اٹیک کرتی ہے - انسان کے اندر سے احساس کو مار کر اپنے مقاصد پورے کرتی ہے - تمام بڑے بڑے جرائم کی راہیں اسی نے ہموار کی ہیں مگر جب یہ انسان کو ذلیل کرنے پر آتی ہے تو اسے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑتی- ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اپنے تمام خیر خواہوں سے مشاورت کے بعد میں ریکارڈنگ کی طرف آنے کا فیصلہ کر سکتی ہوں - چونکہ لسٹیں خاموش ہوتی ہیں اس لئے ان کی صورت میں تو یہ معاملہ میرے اور میرے مخالفین یا دوستوں کے درمیان ہے ، جبکہ آڈیو ویڈیو آواز رکھتی ہیں جس سے ان کے لیک ہونے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے جو میں نہیں چاہوں گی
لوگوں کو یاداشت میں رکھنے کا آسان طریقہ
Aug 10, 2024