سیالکوٹ (نامہ نگار) تحریک انصاف کی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ انصاف یوتھ ونگ کے عہدیداران، کارکنا ن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ گھر گھر جا کر عمران خان اور تحریک انصاف کا پیغام پہنچائیں۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے جناح ہائوس میں انصاف یوتھ ونگ یونین کونسل گوہد پور، یونین کونسل بھگوال اعوان کے عہدیداران میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انصاف یوتھ ونگ کے ضلعی صدر مہر خرم، جنرل سیکرٹری اسامہ خان ،سینئر نائب صدر فہد سجاد، نعمان میو کے علاوہ یوتھ ونگ کے کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ریحانہ ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو معاشی طور پر کمزور کردیا ہے، عوام غربت افلاس اور خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، پولیس اور دیگر سول ادارے تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، عوام اگر سڑکوں پر نکل آئے تو حکمران حسینہ واجد کی طرح ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہوجائیںگے۔
انصاف یوتھ ونگ کے عہدیدار، کارکن گھر گھر جا کر بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچائیں: ریحانہ ڈار
Aug 10, 2024