لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے انڈر 18 ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرنا ہے مگر پاکستان فیڈریشن بیس بال کو چائینیز تائپے ٹیم بھیجنے کا این او سی نہ مل سکا۔بیس بال فیڈریشن کے سیکرٹری فخر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے این او سی جاری نہ کرنے کا لیٹر بھجوا دیا ہے اور لیٹر میں کہا گیا ہے کہ حکومت چائینیز تائپے میں ایونٹس میں شرکت کی اجازت نہیں دیتی ہے۔ حکومت پاکستان ون چائنا پالیسی پر عملدرآمد کرتی ہے لہٰذا حکومتی پالیسی کی وجہ سے این او سی جاری نہیں کیا جا سکتا ہے۔ پی ایس بی نے خود جواب دیدیا ہے کہ ہمارا کیس وزارت خارجہ کو نہیں بھجوایا گیا ۔ پاکستان سینئر ٹیم گزشتہ برس چائنیز تائپے میں ایشین بیس چیمپئن شپ کھیل چکی ہے اور اگر ہم نے ایونٹ میں شرکت نہ کی تو ہمیں بھاری جرمانہ عائد ہو گا۔ ہماری نان ری فنڈ ایبل ائیر ٹکٹس بک ہیں ،آن آرائیول ویزہ ملے گا، فیڈریشن اپنے تمام اخراجات خود براداشت کر رہی ہے۔ ایشین چیمپئن شپ ورلڈ انڈر 18 چیمپئن شپ کاکوالیفائنگ رائونڈ ہے اور عدم شرکت پر بھاری جرمانہ ہو سکتا ہے جبکہ پابندی کا بھی خدشہ ہے لہٰذا ہماری درخواست ہے کہ ہمارے کیس کو از سر نو دیکھا جائے۔ انڈر 18 ایشین بیس بال چیمپئین شپ 2 سے 8 ستمبر تک چائینیز تائپے میں شیڈولڈ ہے۔
پاکستان انڈر 18 بیس بال ٹیم کو چائینیز تائپے جانے کا این او سی نہیں ملا
Aug 10, 2024