ضمنیوں کے اندراج میں تاخیر پر افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم 

Aug 10, 2024

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن برانچ پنجاب محمد ادریس احمد کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔صوبے کے تمام ایس ایس پیز اور ایس پیز انوسٹی گیشن اور دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں چالانوں کی بروقت تکمیل کے متعلق اعلی عدالتی احکامات پر عمل درآمد بارے بریف کیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس نے ہدایت کی کہ تمام ایس ایس پیز انوسٹی گیشن بروقت چالان جمع کروانے میں اپنا سپر وائزی رول مزید احسن طور پر ادا کریں، عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے متعلق تمام ایس ایس پیز اپنے ماتحت سٹاف کو بریف کریں اور تصدیقی سرٹیفکیٹ ہیڈ کوارٹرز بھیجیں۔ مختلف اضلاع میں مقدمات کی ضمنیات پولکام میں بروقت درج نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ اندراج میں تاخیر کی صورت متعلقہ سپروائزری افسران سے جواب طلبی کی جائیگی۔ انوسٹی گیشن برانچ کے اشتراک سے تفتیشی افسران کے 17 ریفریشر کورس مکمل کروائے گئے، ماسٹر ٹرینرز نے مختلف اضلاع میں تعینات 21932 تفتیشی افسران کو جدید تربیت دی ہے۔ ڈسٹرکٹ سٹینڈنگ میڈیکل بورڈ میں بذریعہ ڈی ایس پی لیگل متاثرہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ پراسیکیوشن کے تعاون سے زیر التواء چالان کو فوری یکسو کرنے کی ہدایت دی۔

مزیدخبریں