پولیس شہدا کے بچوں کوتعلیمی مقاصد کیلئے مزید7 لیپ ٹاپ فراہم 

Aug 10, 2024

لاہور(نامہ نگار )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکا تعلیم دوست ویژن‘ پولیس شہدا کے بچوں کوتعلیمی مقاصد کیلئے مزید7 لیپ ٹاپ فراہم کردئیے،لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباو طالبات ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں میڈیکل، انجینئرنگ، قانون سمیت جدید پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں طلباو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ محکمہ نے شہدا کے بچوں کی اعلی تعلیم کا بیڑا اٹھایا ہے۔تمام سہولیات دیں گے۔ڈی جی خان کے سب انسپکٹر مشتاق احمد شہید، مظفر گڑھ کے اے ایس آئی محمد امجد قمر شہید کی بیٹیوں کو لیپ ٹاپ دئیے گئے، میانوالی کے شہید انسپکٹر ذوالفقار علی، کانسٹیبل محمد ممتاز خان اور بہاولپور کے اے ایس آئی محمد ارشاد کے بچے بھی لیپ ٹاپ حاصل کرنیوالوں میں شامل ہیں۔ایس ایس پی طیب سعید شہید، لاہور پولیس کے کانسٹیبل عبدالستار شہید کی بیٹیوں کو بھی لیپ ٹاپ دئیے گئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس شہدا کے بچوں کو سکالرشپس بھی فراہم کر رہے ہیں، جدید لیپ ٹاپس طلبا وطالبات کے تعلیمی کیرئیر اور ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہونگے، تقریب میں ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی صلاح الدین، اے آئی جی ڈسپلن آصف امین، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں