لاہور (نیوز رپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ(رجسٹرڈ) کے بانی ٹرسٹی، جنرل سیکرٹری اور سماجی شخصیت ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا وسائل کارخ بیماروں اورناداروں کی طرف موڑنا ہوگا۔اگر کوئی ایک انسان بھی بیماری کی حالت میں طبی سہولیات اور ادویات سے محروم رہا تو پورا معاشرہ قصوروار سمجھا جائے گا۔اپنے آس پاس ضرورتمندوں اورمحتاجوں کی خدمت اورکفالت کااہتمام کرتے رہیں۔ ہمارے ٹرسٹ کی انتظامیہ انسانیت کی خدمت کیلئے سال بھرمنظم انداز سے مختلف فلاحی سرگرمیاں جاری رکھتی ہے۔ہمارے ٹرسٹ کے منصوبوں اورپروگرامز میں ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال، فری میڈیکل سنٹرز،فری میڈیکل کیمپ،ڈائلسسز سنٹرز،فری دسترخوان،فری راشن،فری لباس،مختلف طبی مسائل پر آگہی پروگرام جدید،میڈیکل لیب اورمستقبل میں میڈیکل کالج اورنرسنگ سکول کے قیام سمیت دیگر منصوبہ جات شامل ہیں۔ وہ محمدپورہ میں فری میڈیکل کیمپ کاوزٹ کرنیوالے ڈونرز خواتین وحضرات سے بات چیت کررہے تھے۔ ہم روزانہ کی بنیاد پر پسماندہ آبادیوں میں نادار ومفلس اورمستحق بیمار خواتین وحضرات کوموسم کی شدت اورسفری کوفت سے بچا نے اور ان کی دہلیز پرجدیدطبی سہولیات اورمفت ادویات کی فراہمی کیلئے فری میڈیکل کیمپ کاانعقاد کررہے ہیں،جہاں پسماندہ طبقہ مستفید ہو تا ہے۔ ہمارے ڈونرز،ٹرسٹیز اورڈاکٹرزانسانیت کی خدمت کے صادق جذبوں سے سرشار ہیں۔ ہم لاہور کے ساتھ ساتھ دوسرے شہروں اورقصبوں کارخ بھی کر رہے ہیں۔بیماریوں سمیت مفلسی اوراحساس محرومی کیخلاف ہمارا جہاد جاری رہے گا۔ ہماری انتظامیہ اپنے عہد کی پاسداری کرتے ہوئے مستحق مریضوں کوان کی دہلیز پرطبی سہولیات اورادویات کی فراہمی کاسلسلہ نہیں روک سکتی۔معاشرے کے مستحق بیمار افراد ہمارے میڈیکل کیمپ سے فری ’’دوا‘‘ لے جاتے جبکہ ڈونرز سمیت ہمیں اپنی بیش قیمت ’’دْعا‘‘ دے جاتے ہیں۔
وسائل کارخ بیماروں ،ناداروں کی طرف موڑنا ہوگا:شوکت ورک
Aug 10, 2024