لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کا ایمانی اور بنیادی فرض ہے۔حکومت امتناع قادیانیت ایکٹ پر مؤثر و مکمل عملدرآمدکراتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی آئینی و قانونی ذمہ داری پوری کرے۔ عوام الناس کو اسلام کے بنیادی عقیدہ ختم نبوت کو روشناس کرانا امت مسلمہ کا اولین فریضہ ہے اور کل قیامت والے دن حضوراقدسؐ کی شفاعت کاذریعہ بنے گا۔ دین اسلام جبراً کسی کو اسلام قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ تمام مسلمان اور مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ آج ہم عدم برداشت کے باعث اس عظیم فلسفے کو فراموش کر چکے ہیں۔ اسلام نے نو مسلموں کے حقوق کو بڑی اہمیت دی ہے۔ ہمارے معاشرے میں یہ تاثر عام ہے کہ اقلیتوں سے جبراً اسلام قبول کروایا جاتا ہے جو کہ انتہائی غلط العام ہے۔ اکثر لوگ بغیر کسی دباؤ جبر کے اسلام کی نعمت سے سرفراز ہوتے ہیں۔ جب کوئی شخص ہندو، سکھ، عیسائیت، یہودیت جیسے مذاہب کو چھوڑ دائرہ اسلام میں داخل ہوتا ہے تو بحیثیت مسلمان ہمیں ان لوگوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرنا چاہئے۔ ان کے حقوق کا اصل تحفظ ہم سب کا دینی و ایمانی فریضہ ہے کیونکہ یہ لوگ اپنی جائیدادیں، گھر بار سب کچھ چھوڑ کر اسلام کی نعمت سے سر فراز ہوتے ہیں تو اسلام قبول کرنے کے بعد ان کے خاندانوں کی جانب سے ان کو بے شمار صعوبتوں، دکھ، تکالیف کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کا ایمانی اور بنیادی فرض ہے:ہشام الٰہی ظہیر
Aug 10, 2024