لاہور ( خصوصی نامہ نگار) پاکستان کلمے کے نعرے اور انگریز کی غلامی سے نجات بنیاد پر معرض وجود میں آیا لیکن بدقسمتی سے غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو گورے کے قائم کردہ بین الاقوامی اداروں کی غلامی میں دھکیل دیا گیا ہے۔ آج پاکستان آئی ایم ایف کا غلام بنا ہوا ہے۔وطن عزیز ایک آزاد اسلامی ریاست کے طور پر معرض وجود میں آیا لیکن آج 75 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کلمے کے نام پر بننے والے پاکستان میں اسلام نافذ نہیں ہو سکا۔ صدارتی پارلیمانی نظام آزمائے گے۔ملک میں مارشل لاء بھی نافذ ہوتے رہے ہیں لیکن عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے مسائل کے دلدل میں دھنستے چلے گئے اور آج آئی ایم ایف کی غلامی یہاں تک آ پہنچی کہ آنے والی نسلیں بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی مقروض بن چکی ہے۔یہ باتیں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے اجتماع اور بعد ازاں میڈیا اور جماعتی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان بناتے وقت کلمہ طیبہ کا نعرہ لگایا گیا اور بابا ئے قوم نے کہا تھا ہمارے پاس 1300 سال پرانا دستور اور منشور قران کی صورت میں موجود ہے اسی نظام کے نفاذ کیلئے علماء اور عوام کوشاں ہیں۔ بابائے قوم نے کراچی میں پاکستان کا پہلا پرچم شیخ الھند کے شاگرد رشید علامہ شبیر عثمانی سے اور ڈھاکہ میں مولانا ظفر احمد عثمانی سے لہروایا۔