پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمشن کے لیے ججز کی نامزدگی سے معذرت کرلی۔ ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے فیصلے سے متعلق خیبر پی کے حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں 9 مئی کے واقعات کے لیے جوڈیشل کمشن تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ نے اس ضمن میں صوبائی حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پی کے حکومت نے جوڈیشل کمشن کی تشکیل کے لیے جو درخواست ارسال کی تھی موجودہ حالات میں اس پر جوڈیشل کمشن کی تشکیل ممکن نہیں۔ ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جس فورم سے یہ درخواست ارسال کی گئی ہے وہ اس کا مجاز نہیں۔ صوبائی حکومت کے رولز آف بزنس 1985ء کی خلاف ورزی ہے۔ اس لیے اس صورت میں اس درخواست پر عمل نہیں کیا جا سکتا۔