کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں بشیر میمن کے نام پر اتفاق ہوگیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان موجودہ گورنر کامران خان ٹیسوری کو تبدیل کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کامران ٹیسوری کی جگہ بشیر میمن کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔اطلاعات ہیں اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے وفد نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی صورتحال اور گورنر سندھ کی تبدیلی پر بات ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے آئندہ چند روز میں گورنر سندھ کو تبدیل کردیا جائیگا۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق ایم کیو ایم چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول نے گورنر سندھ کی تبدیلی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم شہباز شریف صبح آٹھ بجے سے میرے ساتھ تھے۔انھوں نے تو ایسا کچھ نہیں بتایا‘ حکومت ایسا کوئی فیصلہ کرتی تو ہمیں اعتماد میں لیا جاتا۔ ایسا کچھ نہیں ہورہا‘ یہ صرف افواہیں ہیں وزیراعظم ہر فیصلے میں ہمیں اعتماد میں لیتے ہیں ایسے کوئی فیصلے ہوتے ہیں تو پھر ایم کیو ایم قیادت بیٹھے گی اور اپنا فیصلہ اور لائحہ عمل بنائیں گے۔
گورنر سندھ کو بدلنے کا فیصلہ ن لیگ‘ پی پی بشیر میمن پر متفق: ذرائع، ایسا کچھ نہیں ہورہا‘ خالد مقبول
Aug 10, 2024