پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپی کے کابینہ کے ارکان کی کارکردگی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جو جلد بانی تحریک انصاف عمران خان کو پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپی کے سردار علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کو رپورٹ پیش کریں گے۔ رپورٹ میں 4 صوبائی وزراء کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے جبکہ 7 صوبائی وزراء کا کام نارمل، 6 کی کارکردگی اچھی اور 5 صوبائی وزراء کی کارکردگی بہترین قرار دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو صوبے میں گورننس سے متعلق شکایت موصول ہوئی تھیں جس پر انہوں نے وزیراعلیٰ سے وزراء کی کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپی کے بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے وزیراعلیٰ خیبرپی کے کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، ہر ملاقات میں وزیراعلی بانی کو گورننس سے متعلق آگاہ کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ تمام امور میں بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔
خیبر پی کے کابینہ رپورٹ تیار، 4وزراء کی کارکردگی غیرتسلی بخش، 7 کی نارمل رہی
Aug 10, 2024