امام مسجد نبوی کا دورہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا: عبدالخبیر آزاد 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امام مسجد نبوی  مدینہ منورہ کی بادشاہی مسجد لاہور آمد کے حوالے سے پریس کلب لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اہلیان پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ عالم اسلام کی عظیم شخصیت مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد البدیر حفظہ اللہ تعالیٰ 12اگست 2024ء  بروز پیر بادشاہی مسجد لاہور میں نماز مغرب کی امامت فرمائیں گے، اور بعد از نماز مغرب عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، استحکام پاکستان، پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی طور پر اجتماعی دعا  فرمائیں گے، عالم اسلام کی عظیم شخصیت امام و خطیب مسجد نبوی شریف کی بادشاہی مسجد آمد پر عوام الناس اور اہلیان لاہور سے اپیل ہے کہ نماز مغرب بادشاہی مسجد لاہور میں ادا کریں، عوام الناس بادشاہی مسجد لاہور میں آنے کیلئے مولانا عبدالقادر آزاد (فورٹ روڈ لاہور) اور مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک کا راستہ استعمال کریں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ امام مسجد نبوی شریف کا پاکستان آنا پاک سعودی تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا، سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں دل کھول کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہم اس موقع پر حکومت سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن