امام مسجد نبوی کی فضل الرحمن، ایازصادق سے ملاقاتیں: فیصل مسجد میں خطبہ جمعہ دیا 

Aug 10, 2024

امام مسجد نبوی کی فضل الرحمن، ایازصادق سے ملاقاتیں: فیصل مسجد میں خطبہ جمعہ دیا 
امام مسجد نبوی کی فضل الرحمن، ایازصادق سے ملاقاتیں: فیصل مسجد میں خطبہ جمعہ دیا 

اسلام آباد (خبرنگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مسجد نبویؐ کے امام الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی عرب کے سفیر محمد نواف بن المالکی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، علی محمد خان، بیرسٹر گوہر علی خان، ملک عامر ڈوگر، مولانا فضل الرحمان، اسد قیصر، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور دیگر ارکان قومی اسمبلی موجود تھے۔  ایاز صادق نے کہا کہ امام مسجد نبویؐکی پارلیمنٹ آمد باعث مسرت و برکت ہے۔ مسجد نبویؐکا مسلمانوں کے دلوں میں ایک خاص مقام ہے۔ امام مسجد نبوی شیخ صلاح بن محمد البدیر کا دورہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کا مظہر ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بھائی چارے، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب ہر آزمائش میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہا مسلم ممالک میں اتحاد کے فروغ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔  مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر نماز مغرب کی امامت بھی کی۔ امام مسجد نبوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قیادت کا مشکور ہوں۔ پاکستان ہمارا اپنا ملک ہے، یہاں آکر مجھے بے حد خوشی ملی ہے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ ہم انہیں اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جے یو آئی پاکستان میں سب سے پرانی مذہبی اور پارلیمانی جماعت ہے۔ جے یو آئی  فرقہ واریت، انتہا پسندی کو مسترد کرتی ہے اور اعتدال کے طریقہ کار پر عمل پیرا ہے۔ سعودی عرب  مسلم قوم کی صفوں کو متحد کرکے فلسطینیوں کو صیہونی قبضے کی بربریت سے بچانے کی کوشش کرے۔ فلسطینی بھائیوں کو ان کے تمام جائز حقوق حاصل ہوں اور فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ چئیرمین سینٹ یوسف  رضا گیلانی،  ایاز صادق، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔ امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح البدیر نے فیصل مسجد میں خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی۔  شیخ صلاح البدیر نے خطبہ جمعہ میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت، خیر کو عام کرنے کی روش، تفرقہ بازی سے اجتناب اور امت کے اتحاد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کے مصائب کے خاتمے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی بھی دعا کی۔

مزیدخبریں