اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور شی یوآن کیانگ اور دیگر حکام نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پاور محمد علی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اوروزیربجلی سرداراویس احمد خان لغاری بھی اس موقع پر موجودتھے۔ وزیر خزانہ نے چینی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی منظرنامے میں حالیہ مثبت پیش رفت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور ٹیکسوں کی وصولی میں اضافہ ہواہے۔ وزیرخزانہ نے توانائی کے شعبے میں اہم اصلاحات، سرکاری ملکیتی اداروں کی تنظیم نووبحالی اور نجکاری کی جاری کوششوں سے بھی چینی ناظم الامورکوآگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت برآمدات پرمبنی نمو پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے حالیہ دورہ چین کی یاددہانی کراتے ہوئے کہاکہ چین کے وزیر خزانہ اور دیگر حکام کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی تجاویز پر انتہائی مفید بات چیت ہوئی ہے۔ وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کو بے حد سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں مسائل کے حل کے لیے متعدد اصلاحات نافذ کر رہی ہے۔ چینی سفارت خانہ کے ناظم الامور نے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے چینی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے دونوں اطراف کے مختلف محکموں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔