اسپیشل سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا عدیل شاہ نے پھچلے 23 سال کے دوران محکمہ صحت کیلئے خریدی گئی تمام گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ سیکرٹری صحت عدیل شاہ نے ڈی جی ہیلتھ سروسز، پراجیکٹس ڈائریکٹرز اور صوبے کے سرکاری اسپتالوں کے سربراہاں کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ جنوری 2001 سےخریدی گئی تمام گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ سیکرٹری صحت کے مراسلے میں متعلقہ حکام سے پوچھا گیا ہے کہ گاڑیاں کہاں سے خریدی گئیں، ماڈل اور کمپنی کی تفصیل دی جائے، یہ بھی بتایا جائے کہ گاڑیاں کن افسران کے زیراستمال ہیں؟ اور کیا وہ استعمال کرنےکے مجاز ہیں؟ مراسلے میں افسران کو مختص پیٹرول اور زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کا ماہانہ خرچہ طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 20 دنوں میں پچھلے 23 سال کے دوران خریدی گئی سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، بصورت دیگرکارروائی ہوگی۔ سیکرٹری صحت کے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ گاڑیوں سے متعلق انکوائری کرنے والے ڈی جی ڈرگز کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں، یہ احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں کہ سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ ڈیٹابیس میں ڈالا جائے۔یاد رہے کہ محکمہ صحت کی گاڑیوں کی خریداری اور استعمال میں بےضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
بے ضابطگیوں کی شکایات، محکمہ صحت کے پی میں 23 سال کے دوران خریدی گئی گاڑیوں کا ریکارڈ طلب
Aug 10, 2024 | 12:55