لاہور(خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ پہلے وفاق کی پالیسیاں درست کریں پھر صوبوں کو ”بھاشن“ دیں۔ وفاقی کی ناقص اقتصادی حکمت عملی، کرپشن، غلط خارجہ پایسی ملک کے تمام مسائل کی جڑ ہے۔ وزیر خزانہ کی طرف سے صوبوں کو 5 ہزار ارب روپے دینے اور امن و امان اور مہنگائی کا ذمہ دار صوبوں کو ٹھہرانے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وفاق کی دہشتگردی سے نپٹنے میں ناکامی کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں غیر محفوظ ملک سمجھا جانے لگا ہے۔ وفاقی حکومت ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز سمیت نقصان میں جانے والے اداروں پر 400 ارب سالانہ ضائع کر رہی ہے۔ 5برسوں میں 2000 ارب روپیہ ان اداروں پر ضائع ہو چکا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ وفاقی حکومت کی غلطیوں کی سمت دیکھیں۔ پنجاب پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں۔
حفیظ شیخ پہلے وفاق کی پالیسیاں درست کریں پھر صوبوں کو ”بھاشن“ دیں: پرویز رشید
Dec 10, 2012