لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع لاہور کے زیرِ اہتمام فلسفہ شہادت امام حسینؓ پر مبنی خواتین کے جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔جلسہ کی صدارت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین پاکستان ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کی۔ ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے جو قربانی دی اللہ کے دین کا بول بالا کرنے کے لئے دی اور شہادت امام حسینؓ کے تصورات ہی اسلام کی بنیادی عبادت ہیں۔ مولانا مودودیؒ نے اسلام کو محض رسم ورواج پوجا پاٹ سے نکال کر اقامتِ دین کا درس دیا تا کہ اُسے زندگی کے تمام شعبوں معاشرت‘ معیشت اور سیاست میں عملاً رائج اور نافذ کیا جائے۔ راشدہ شاہین نے کہا کہ ہر مسلم عورت کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ اہلِ بیت کی پاک بیبیوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے راہ حق میں ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم کرے۔ انہوں نے کہا خواتین کا قرآن سے مضبوطی سے جڑ جانا سب سے بڑا جہاد ہے۔