وقار یونس اور آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

Dec 10, 2013

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ باؤلر وقار یونس اور سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گل کرسٹ کو ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔ آئی سی سی کے مطابق کہا گیا ہے کہ یہ دونوں اس فہرست میں شامل ہونے والے بالترتیب 70ویں اور 71ویں کھلاڑی ہیں۔وقار یونس ہال آف فیم میں شامل ہونے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے پاکستان کے حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم آئی سی ہال آف فیم میں شامل کئے گئے تھے۔گل کرسٹ ہال آف فیم میں شامل19ویں آسٹریلوی کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے آسٹریلیا سے سر ڈان بریڈ مین، رچی بینو، ایلن بارڈر اور ڈینس للی سمیت 18 کھلاڑی شامل کئے گئے تھے۔آئی سی سی کے مطابق وقار یونس 11 دسمبر کو دبئی میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ کے موقعے پر ہال آف فیم میں شامل ہوں گے جب کہ ایڈم گل کرسٹ کو اس کے دو دن بعد پرتھ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ایشز ٹیسٹ میں چائے کے وقفے کے دوران ہال آف فیم میں شمولیت کی اعزاز سے نوازا جائے گا۔وقار یونس کو بورے والا ایکسپریس کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا۔ انہوں نے 87 ٹیسٹ میچوں میں 373 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 262 ایک روزہ مچوں میں 416 وکٹیں لیں۔انہوں نے 62 ایک روزہ میچوں اور 17 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی کپتانی کی۔دریں اثناء چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وقار یونس کو ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وقار یونس کا ہال آف فیم میں 70واں کھلاڑی ہونا خوش آئند ہے‘ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ 

مزیدخبریں