لاہور(سپورٹس رپورٹر) کبڈی ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھارتی پنجاب کے شہر سنگورر میںکھیلے گئے آخری پول میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 69-28 سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔ میچ کے آغاز سے ہی پاکستان نے حریف ٹیم پر گرفت مضبوط کرلی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی، قومی ٹیم کی جانب سے ریڈر اکمل ڈوگر نے ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بارہ پوائنٹ سکور کیے جبکہ جاپھی مطلوب علی نے بھی متاثر کن کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ریڈرز میں سے کپتان بابر گجر اور خالد مہر نے بھی شاندار کھیل پیش کیا اور حریف سٹاپرز کی ایک نہ چلنے دی۔ اس میچ میں کامیابی سے پاکستان پول بی میں پہلی پوزیشن پر آگیا۔11دسمبر کو سیمی فائنل مقابلے میں پاکستانی ٹیم امریکہ کیخلاف مدمقابل ہوگی جبکہ بھارت کیخلاف دوسرے سیمی فائنل کی حریف ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا۔