کرکٹ کی بڑی ٹیمیں جلد پاکستان کا دورہ کریں گی: شہریار

Dec 10, 2014

لاہور (حافظ محمد عمران+نمائندہ سپورٹس) کینیا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان نقطہ آغاز ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں اس طرح کی کئی اور ٹیموں سے بھی بات چیت چل رہی ہے‘ بہت جلد معاملات طے پا جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خاں نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایٹ ممالک کے ساتھ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے معاملات آخری مراحل ہیں۔ بہت جلد ان کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں گے۔ یہ آغاز ہے۔ آہستہ آہستہ کام ہو گا اور ہم اپنی منزل تک ضرور پہنچیں گے۔ مشکلات آتی رہتی ہیں اور ہم ایسی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے موجود ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ میچز قومی  ٹیم نے سعید اجمل کی عدم موجودگی میں کامیابی حاصل کی۔ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا کردار ادا کیا۔ دونوں آف سپنرز کی پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں۔ سعید اجمل اور محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن میں بہتری کیلئے بھی تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ بلے باز کی حیثیت سے محمد حفیظ ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کا فیصلہ ہو گا کہ کسے ٹیم میں شامل کرنا ہے ۔ حارث سہیل نے بھی اچھی باؤلنگ کی ہے۔ عالمی کپ میںٹیم منیجر کی تعیناتی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں گے۔قائداعظم ٹرافی میں استعمال ہونیوالی گیندوں کو اب تو تبدیل نہیں کیا جا سکتا آئندہ سال اس معاملے پر ضرور فیصلہ ہو گا۔ مزید بہتر اور معیاری گیندیں استعمال کریں گے۔

مزیدخبریں