لاہور (نمائندہ سپورٹس)کینیا کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ امید ہے کینین کرکٹ ٹیم بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیا کے بعد زمبابوے اور اس درجے کی دیگر ٹیموں کے دورہ پاکستان سے ہمارا امیج بہتر ہو گا اور بڑی ٹیموں کے لئے بھی راستہ کھلے گا۔ سابق ٹیم منیجر اظہر زیدی کا کہنا تھا کہ کینیا کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔ شائقین کرکٹ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔ کینیا کی ٹیم کو بھر پور سکیورٹی دینا ہو گی۔ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد کا کہنا ہے کہ ہم ایک عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ سے محروم ہیں۔ اس موقع سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھانا چاہئے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اورمستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہے۔
کینین ٹیم کا دورہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اہم قدم
Dec 10, 2014