اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ذرائع ایف آئی اے نے کہا ہے کہ برطانیہ سے ڈی پورٹ ہونے والے 42 افراد کو چارٹرڈ پرواز سے اسلام آباد لایا گیا۔ بغیر شناخت یا سفری دستاویزات لائے گئے 6 ڈی پورٹیز کو واپس اسی جہاز سے بھیج دیا گیا جبکہ 36 پاکستانیوں کو شناخت کے بعد ایف آئی اے امیگریشن نے حراست میں لے لیا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کی ہداہات کی روشنی میں ڈی پورٹیز کے حوالے سے وضع شدہ طریقہ کار پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے۔ بغیر دستاویزات یا پاکستانی ثبوت کے کوئی مسافر دنیا کے کسی بھی کونے سے آئے گا تو اسے انٹری کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یونان کی جانب سے بغیر اطلاع کے بھیجے گئے 39پاکستانی ڈیپورٹیز کو بھی اسی طیارے پر یونان واپس بھیج دیا گیا تھا۔