بانکی مون اور امریکہ کی طرف سے پاکستان بھارت مذاکرات کا خیرمقدم: واشنگٹن کوئی کردار ادا نہیں کر رہا: محکمہ خارجہ

Dec 10, 2015

واشنگٹن + نیویارک (اے پی پی + نمائندہ خصوصی) پاکستان بھارت تعلقات کو معمول پر لانا خطے کیلئے بے حد ضروری ہے۔ یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کے پس منظر میں کہی۔ ترجمان نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کریں اور دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی نہ صرف ان کیلئے بلکہ پورے خطے کے لئے بے حد ضروری ہے۔ امریکہ ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے کیونکہ دونوں ممالک باہمی تنازعات کے حل کیلئے خود ہی بہترین طریقہ کار وضع کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکہ دہشتگردی کے خاتمہ میں تعاون کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت میں کوئی کردار ادا نہیں کررہا۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت میں کمپری ہینسو ڈائیلاگ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ عالمی ادارے کے ڈپٹی ترجمان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے۔

مزیدخبریں