دھند : ٹریفک حادثات میں مزید 6 افراد جاں بحق‘ ٹرینوں کی آمدورفت بھی تاثر

Dec 10, 2015

لاہور (خبرنگار+ کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند چوتھے روز بھی جاری رہی اور اس دوران ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران مزید 6 افراد جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہو گئے جبکہ شدید دھند کے باعث موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ دوسری طرف فلائٹ آپریشن گزشتہ روز بھی معطل ہو کر رہ گیا جبکہ ٹرینوں کی آمدورفت بھی شدید متاثر ہوئی جبکہ لاہور ائرپورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا اور 50 پروازوں کے آنے جانے میں تاخیر ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں پھر دھند کا راج رہا۔ ڈیرہ غازیخان میں دھند کے باعث ٹرین کی زد میں آکر 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے ۔ علاوہ ازیں لاہور سے اسلام آباد اور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ اور فیصل آباد جانے والی موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ کسووال میں شدید دھند کے باعث تیز رفتار وین سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے اڈہ 15 موڑ بورے والا روڈ پر الٹ گئی اور کھائی میں گر گئی اور دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ سرگودھا میں شدید دھند کے باعث مرغیاں لے جانے والا تیز رفتار لوڈر ڈالہ سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں چک 173 شمالی کا رہائشی ڈرائیور محمد عرفان موقع پرہی دم توڑ گیا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق دھندکے باعث ٹریفک کے مختلف حادث میں اےک شخص جاں بحق جبکہ 12 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شدید دھند نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ موٹروے بند، کئی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر دھند سے کئی گاڑیاں ٹکرا گئیں جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں لاہور ائرپورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔ لاہور ائرپورٹ منگل اور بدھ کی درمیانی رات تقریباً 6 گھنٹے پروازوں کی آمدورفت مکمل بند رہی۔ شاہین ائرلائنز کی ریاض سے آنیوالی پرواز 8 گھنٹے، استنبول جانیوالی ترکش ائرلائنز کی پرواز 8 گھنٹے، قطر ائرلائن کی دوحہ سے آنے والی پرواز 12 گھنٹے، اتحاد ائرلائنز کی پرواز 11 گھنٹے، ائربلیو کی مدینہ سے آنے والی پرواز 11 گھنٹے، قطر ائرلائنز کی پرواز 7 گھنٹے، شاہین ائر کی کراچی سے آنیوالی پرواز 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ علاوہ ازیں موٹر وے، ائر پورٹ اور جی ٹی روڈ پر رات اور صبح کے اوقات میں ٹریفک کے مسائل کا سامنا رہا۔ اکثر جگہوں پر حد نگاہ صفر ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے اختتام سے پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں شدید دھند پڑنے کا امکان جبکہ دھند کا یہ سلسلہ اگلے تین سے چار ہفتے تک جاری رہے گا۔ ملتان سے سٹاف رپورٹرکے مطابق شدید دھندکے باعث تیز گام ایکسپریس کا ڈرائیور سگنل نہ دیکھ سکا کانٹے توڑتا ہوا لودھراں سٹیشن میں داخل ہو گیا سامنے سے آنیوالی بزنس ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی۔ راولپنڈی سے کراچی جانیوالی تیز گام جب لودھراں پہنچی تو ٹرین کے ڈرائیور کو شدید دھند کے باعث سگنل نظر نہ آئے۔ ڈرائیور نے تیز گام کو دیکھتے ہی بریک لگا دی۔

دھند/ 6 جاں بحق

مزیدخبریں