قمر ابراہیم قومی ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر‘ اذلان شاہ کپ پہلا امتحان ہو گا

Dec 10, 2015

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ٹیم کی ورلڈ کپ 2016ء میں رسائی کے بعد سینئر ٹیم پر توجہ دینا شروع کر دی ہے اس سلسلہ میں اگلے سال کھیلے جانے والے اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قمر ابراہیم کو سینئر ٹیم کا ہیڈ کوچ بنا دیا گیا ہے جبکہ اس کا باقاعدہ اعلان منگل کو صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور قمر ابراہم کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سنیئر کا کہنا تھا کہ قمر ابراہیم ایف آئی ایچ کا سرٹیفائیڈ کوچ ہے جس کا تقرر میرٹ پر بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قمر ابراہیم صدر پی ایچ ایف کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے ساتھ کن کوچز کو لینا ہے مشاورت کرینگے۔ قمر ابراہیم کا پہلا ہدف اپریل میں منعقد ہونے والے اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ہوگا۔ واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ شہناز شیخ ورلڈ کپ میں شرمناک شکست کے بعد مستعفی ہو گئے تھے جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ قمر ابراہیم 1990 کی دہائی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے۔پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ قمر ابراہیم کے ساتھ شفقت ملک اور کامران اشرف کو معاون کوچ کے طور پر ساتھ لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف انتظامیہ نے قمر ابراہیم، کامران اشرف اور شفقت ملک کے ناموںکی منظوری دیدی ہے۔

مزیدخبریں