نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں کرنسی نوٹوں پر پابندی کے بعد مندروں میں کریڈٹ کارڈ استعمال ہونے لگے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کرنسی نوٹوں پر پابندی سے مندر بھی متاثرہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ مندروں میں چڑھاوے کی رقم جمع کرنے کے لیے کریڈٹ کارڈ کی سہولیت مہیا کر دی گئی۔ بعض مندروں میں موبائل والٹ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ اب تک پرانی کرنسی کے ساڑھے گیارہ لاکھ کروڑ روپے بینکوں میں آ گئے ہیں جبکہ 14 لاکھ کروڑ روپے ابھی بھی گردش میں ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 500 اور ایک ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں پر پابندی عائد کردی تھی جس سے بھارتی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دریں اثناء بی بی سی کے مطابق بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار کی جانب سے کرنسی نوٹوں پر پابندی کے فیصلے کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلا قرار دیدیا۔ جمعہ کو لوک سبھا میں خطاب کے دوران راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کرنسی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں ہونے والی بحث میں حصہ لینے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت مجھے بولنے سے روک رہی ہے۔ انہیں پتہ ہے کہ اگر وہ مجھے بولنے دیں گے تو حقیقت سامنے آجائے گی۔ ملک میں زلزلہ آ جائے گا۔ میں بتاؤں گا کہ یہ کس کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم پورے ملک میں نوٹ پر پابندی کے حوالے سے تقریریں کر رہے ہیں لیکن وہ ایوان میں نہیں بولنا چاہتے۔ انھوں نے کہا کہ 'اتنی گھبراہٹ کیوں ہے۔ ایوان میں آ کر بولیے۔ پورا ملک جو محسوس کر رہا ہے ہم وہ بات کریں گے۔