امریکہ: پیدائش سے محروم رکھنے پر 2 منجمد ایمبریوز نے ماں پر مقدمہ کر دیا

Dec 10, 2016

لوزیانا (بی بی سی) امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ صوفیہ ورگارا پران کے دو منجمند ایمبریوز نے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ان ایمبریوز کو اداکارہ اور ان کے سابقہ پارٹنر نے محفوظ کیا تھا۔ اخبار نیویارک پوسٹ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق ایما اور ازابیلا نامی دو ایمبریوز کا نام لوزیانا کی عدالتی دستاویزات میں شامل ہے۔ اداکارہ صوفیہ ورگارا اور نک لوئب کی سنہ 2014 میں علیحدگی ہوگئی تھی اور ان کے سابقہ شوہر ایمبریوز کی ملکیت حاصل کرنے کی ناکام عدالتی کوشش کرچکے ہیں۔ نئے مقدمے میں ایک ٹرسٹ کی جانب سے یہ دلیل پیش کی گئی ہے کہ ایمبریوز کو پیدائش کا حق نہ دے کر ان کی وراثت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ٹرسٹ ان ایمبریوز کے لیے لوزیانا میں بنائی گئی ہے، اگرچہ ایمبریوز کیلیفورنیا میں ہیں۔ خیال رہے لوزیانا کے قوانین کے مطابق یہاں ایک فرٹیلائزڈ انڈے کو 'قانونی انسانی' کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہ مقدمہ ایک ٹرسٹی کی مدعیت میں دائر کیا گیا ہے اس میں نک لوئب کا نام شامل نہیں ہے۔ مقدمے میں درخواست کی گئی ہے کہ ایمبریوز کو نک لوئب کے حوالے کیا جائے تاکہ ان کا جنم ہو اور وہ اپنی وراثت حاصل کر سکیں۔ 

مزیدخبریں