کابل(آئی این پی) افغان سکیورٹی فورسز کی ملک کے مختلف حصوں میںکارروائیوں کے دوران 2پاکستانیوں اور 4مقامی طالبان کمانڈروں سمیت 68 جنگجو ہلاک اور29زخمی ہوگئے جبکہ 4کو گرفتار کرلیا گیا، ادھر صوبہ غزنی میں طالبان کے حملے میں 3افغان فوجی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 8جنگجو بھی مارے گئے،دوسری جانب دارالحکومت کابل میںنامعلوم افراد نے ایک ہی خاندان کے 10افراد کو گلے کاٹ کر قتل کردیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز کے ملک کے مختلف حصوں میںآپریشن کے دوران 68طالبان جنگجو مارے گئے جن میں 2پاکستانی اور 4مقامی کمانڈر بھی شامل ہیں۔وزارت دفاع کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں افغان فضائیہ اور آرٹلری فورسز کی مدد بھی شامل تھی ۔آپریشن ننگرہار ،لوگر،ارزگان ،قندھار،فریاب،قندوز اور ہلمند صوبے میں کیے گئے ۔آپریشن کے دوران مارے جانے والے مقامی کمانڈروں کی شناخت مولوی موسیٰ،قاری عامر مظاہری ،منصور اور عبدالحکیم کے نام سے ہوئی ہے جو صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب میں ہلاک ہوئے ۔آپریشن کے دوران 29 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جبکہ 4دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ۔وزارت دفاع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی 12پناہ گاہیں،11ٹھکانوں ،3موٹرسائیکلوںاور26بارودی سرنگوں اور اسلحہ وگولہ بارود کو تباہ کردیا گیا ۔ادھر افغانستان میں طالبان کے حملے میں 3افغان فوجی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کاروائی میں 8جنگجو بھی مارے گئے۔ مشرقی صوبہ غزنی میں طالبان عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں ملکی فوج کے تین اہلکار ہلاک ہو گئے ۔ حکام نے بتایا کہ مشرقی صوبے غزنی کی ایک چوکی پر کیے گئے اس حملے میں دیگر دو فوجی شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ غزنی صوبے کے گورنر کے ترجمان کے مطابق جوابی فائرنگ میں آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک جبکہ زخمی ہونے والے دس طالبان جنگجوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے جنگجووں نے چیک پوسٹ کو تباہ کر دیا ہے۔دوسری جانب دارالحکومت کابل میں ایک ہی خاندان کے 10افراد کو پرسرار انداز میں قتل کردیا گیا۔مسلح افراد نے ایک گھر میں داخل ہوکر خاندان کے 10افراد کے گلے کاٹ دیئے۔کابل کے ڈپٹی پولیس چیف حق نواز حقیار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے ۔حقیار کا مزیدکہنا تھاکہ واقعہ شہر کے 15ویں پولیس ضلع میں پیش آیا۔ایک اور سیکورٹی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ 2خاندانوں کی آپس میں دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔
افغانستان