فیصل آباد+ سرگودھا (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) فیصل آباد میں ختم نبوت کانفرنس آج ہوگی۔ رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ نظام الدین سیالوی فیصل آباد پہنچ گئے ہیں، ضلعی حکومت کی جانب سے جلسہ کی اجازت مل گئی ہے۔ شہر بھر میں پینا فلیکس بھی لگائے گئے جن میں کہا گیا 15 کے قریب ارکان سینٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے بھی پیش کریں گے، آج کے اس جلسہ میں 300 مشائخ کے شامل ہونے کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے، خواجہ حمید الدین سیالوی کی جانب سے بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں سٹیمر، بینرز اور ہورڈنگز آویزاں کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حمید الدین سیالوی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے استعفیٰ دینے تک وہ کسی سے ملاقات نہیں کرینگے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع کی تاجر برادری آج ختم نبوت کانفرنس دھوبی گھاٹ میں بھرپور شرکت کریگی۔ ان خیالات کا اظہار صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے ڈویژنل نائب صدر حاجی محمد اقبال شاہد نے ریل بازار میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں رانا عبدالجبار جاری، رانا شوکت علی، رانا سفیان قادری، راؤ کاشف احمد، عظیم سہوترہ، احمد بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔ سنی تحریک رہنما حافظ یاسر قادری نے کہا ہے کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سنی تحریک کے کارکن ختم نبوت کانفرنس دھوبی گھاٹ میں بھرپور شرکت کریںگے۔ختم نبوت کانفرنس قادیانی لابی کی اسلام و پاکستان دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ رانا ثناء کے حوالہ سے پیر حمید الدین سیالوی کا مطالبہ درست ہے۔ عقیدہ ختم نبوتؐ اور رانا ثناء سے متعلق پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کے موقف کی مکمل اور بھرپور تائید کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں سنی تحریک کے میڈیا سیل کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام گدی نشین مشائخ نے رانا ثناء اللہ سے قادیانیوں سے متعلق متنازعہ بیان پر معافی اور استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنا ء اللہ ہٹ دھرمی کرکے حالات خراب کرنے کی سازش کررہے ہیں اورمنکرین ختم نبوت کو خوش کررہے ہیں۔ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے اور ہمارا نظریہ اللہ اور اس کے رسول پر کامل یقین ہے۔ حکومت گرانے کیلئے فیصلہ کن دھرنا دیا جا سکتا ہے۔ نااہل حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کیلئے مشائخ کا گرینڈ الائنس کا قیام ناگزیر ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ اب بات رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ سے بہت آگے چلی گئی ہے۔ جن مشائخ نے اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں پیر آف تونسہ شریف کے خواجہ عطا ء اللہ تونسوی، گولڑہ شریف کے پیر نظام الدین جامی، پیر آف سیال شریف کے پیر خواجہ حمید الدین سیالوی، پاکپتن شریف سے پیر دیوان عظمت، حضرت سخی سلطان باہو کے سجادہ نشین پیر سلطان فیاض الحسن ،پیر آف بارو شریف کے پیر عاشق حسین باروی، سجادہ نشین آف جلال پور شریف، آستانہ عالیہ کیلیانوالہ شریف، شرقپور شریف کے میاں جلیل احمد شرقپوری، صاحبزادہ پیر مظہرسعید کاظمی، علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ، پیر میاں غلام مصطفی اور دیگر شامل ہیں۔ گدی نشین مشائخ نے کہا ہے آج جلسے میں مریدین سے مسلم لیگ (ن) کو آئندہ ووٹ نہ دینے کا حلف لیا جائیگا۔