دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں: پینٹاگون

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں پاکستانی فوجی اہلکاروں اور شہریوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خاتمے میں بہت دلچسپی رکھتا ہے، افغان مسئلے کا سیاسی حل نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ امریکی محکمہ دفاع میں پریس بریفنگ کے دوران پینٹاگون کی ترجمان ڈینا وائٹ کا کہنا تھا امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کے حالیہ دورے میں پاکستانی حکام سے بات چیت انتہائی مفید رہی اور انہوں نے وہاں مشترکہ مفادات کے تحت دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دینے کی بات کی جبکہ وزیردفاع کے دورہ پاکستان سے یہ بات واضح ہوئی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے امکانات موجود ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور اس جنگ میں سب سے زیادہ پاکستانی فوجیوں اور عام شہریوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں لہذا پاکستان دہشت گردی کے خاتمے میں بہت دلچسپی رکھتا ہے۔ڈینا وائٹ نے کہا کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا اور پورے خطے کے مفاد میں ہے لٰہذا ہم پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات پر آگے بڑھنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن