اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایس ای سی پی دسمبر میں کمشنرز سے خالی ہو جائے گا جبکہ نئے کمشنر کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کے آثار موجود نہیں ہیں جبکہ کمشنرز کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پہلے ہی سردخانے کی نذر ہو چکی ہے۔ ایس ای سی پی کے معطل چیئرمین ظفر حجازی جو کہ ادارے کے کمشنر بھی تھے پہلے ہی مقدمہ کے باعث ادارے میں غیرفعال ہو چکے ہیں جبکہ ان کی میعاد 15 دسمبر کو مکمل ہو جائے گی۔ جبکہ دو کمشنرز فدا حسین سمو اور آکف سعید بھی 15 دسمبر کو مدت پوری کر کے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ان میں سے ظفر حجازی اور فدا حسین کی عمریں 62 سال سے تجاوز ہو چکی ہیں اس لئے انہیں دوبارہ کمشنر نہیں لگایا جا سکتا۔ آکف سعید کے کنٹریکٹ کی تجدید ہو سکتی ہے تاہم ایس ای سی پی کی طرف سے ایسی کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی اور نہ نئے کمشنرز کی تعیناتی کی کوئی سمری تجویز کر کے بھیجی گئی۔ ظفر حجازی کی معطلی کے بعد سے ’’قائم مقام چیئرمین ہی معاملات کو چلا رہے ہیں۔ تین کمشنرز کی 15 دسمبر کو ملازمت ختم ہونے کے بعد ادارے کے خاصی حد تک غیرفعال ہونے کا خدشہ ہے۔ ایس ای سی پی کے ذرائع نے اس خدشے کی تائید نہیں کی اور کہا کہ اس سے قبل بھی ادارہ 2 کمشنروں کے بل پر کام کرتا رہا ہے۔
ایس ای سی پی دسمبر میں کمشنرز سےخالی ہو جائیگا
Dec 10, 2017