ملتان (سپیشل رپورٹر) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پوری دنیا کی توجہ اس وقت پاکستان میں ختم نبوت اور بیت المقدس پر ہیں چند لوگوں نے ایک پلان کے تحت ختم نبوت کے قانون پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی ان تمام لوگوں کو منظر عام پر لائیں گے کسی کی کیا جرات کہ ختم نبوت کے قانون پر ڈاکہ ڈالے پاکستان علماء کونسل کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں مگر ختم نبوت کے قانون پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی بہت سی باتوں پر خادم رضوی سے اختلاف ہے جن میں ان کی گالیاں دینے کی عادت سرفہرست ہے ہماری تاریخ تابناک ہے ختم نبوت کے ڈاکو یہ نہ سمجھیں کے ان کے لئے راستے کھلے ہیں اگرکوئی لادین بھی ختم نبوت کی حفاظت کرے گا تو ہم اس کے سپاہی بن کر اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے مسجد شہداء الخیر ممتاز آباد میں منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے پوری پاکستانی قوم فوج کے ساتھ ہے ریفرنڈم کروا لیں پتہ چل جائے گا پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے مولوی ہر دور میں کہتا ہے آئین پاکستان کو نہ چھیڑو آئندہ الیکشن میں قوم بتائے گی ختم نبوت کا غدار کون اور محافظ کون ہے آئندہ الیکشن میں اسی نعرے پر الیکشن ہو گا زاہد حامد اور رانا ثناء اللہ صفائیاں دے رہے ہیں کہ وہ مسلمان ہیں ہم نے کب کہا کہ تم قادیانی ہو ختم نبوت کے ایمان کو سیاست میں استعمال نہیں ہونے دیں گے آپ نے قومی ایکشن پلان بنایا ہے اس پر عملدرآمد بھی کراؤ جب تک ختم نبوت کے ڈاکوؤں کا پتہ نہیں چل جاتا تحریک جاری رہے گی ہم وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں 13 دسمبر کو جو اسلامی سربراہی کانفرنس ہو رہی ہے اس میں خود شامل ہوں ۔ کانفرنس سے عزیزالرحمن جالندھری ‘ علامہ عبدالحق مجاہد‘ علامہ انوارالحق مجاہد‘ محبوب الرحمن جالندھری‘ پروفیسر عبدالماجد وٹو اور دیگر نے بھی خطاب کیا دریں اثناء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے معاملہ پر حکومت سے سنگین غلطی ہوئی ہے اس لئے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اصل ذمہ داروں کا تعین کر دیا جائے۔