پاک بحریہ نے 9دسمبر بطور ہنگور ڈے منایا

Dec 10, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ میں ہنگور ڈے کا انعقاد کیا گیا، یہ دن 71 کی پاک بھارت جنگ میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی جانب سے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو سمندر برد کرنے کے عظیم کارنامے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔پاک بحریہ میں9 دسمبر بطور ہنگور ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ دن 71 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی آبدوز ہنگورکی بے مثال بہادری اور غیر متزلزل عزم کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو 9 دسمبر کے دن سمندر برد کر دیا تھا جس کی یاد میں 47 وان ہنگور ڈے منانے کے لیے پاک بحریہ کے سب میرین اسکواڈرن نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ بھارتی جہاز کو ڈبونے کا یہ شاندار کارنامہ بھارت کے مغربی ساحل پر ڈیو ہیڈ(Diu Head) کے جنوب مشرق میں 30 میل دور وقوع پزیر ہوا تھا۔ یہ واقعہ بحری جنگی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آبدوز نے ایک بحری جنگی جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر سمندر برد کر دیا ہو۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے عملے کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے 4 ستارہ جئرات، 6 تمغئۃ جرات اور 14 امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ تعداد کے لحاظ سے پاک بحریہ کے کسی ایک یونٹ کو دیئے جانے والے بہادری کے تمغوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ ہنگور ڈے کی تقریب پاکستان میری ٹائم میوزیم میں ، پاکستان نیوی سب میرین ہنگور کے عقب میں منعقد کی گئی۔ وائس ایڈمرل( ریٹائرڈ) عبیداللہ خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے زور دیا کہ 71 کی جنگ میں آبدورز ہنگور پاک بحریہ کا فخر رہی۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے سے بھارتی بحریہ کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا جس میں ان کے 18 افسر اور 176 سیلر ہلاک ہوئے۔

مزیدخبریں