لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق ایم این اے نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی کوئی ڈیل نہیں ہورہی۔ نوازشریف مردِ میدان ہیں، ان کی خاموشی حکمت عملی کا حصہ ہے اسے سمجھنا چاہئے۔ نیب انتقامی کارروائیاں کررہا ہے، چیئرمین نیب کا فرمانا بجا ہے لیکن کاش وہ یہ بھی ذکر کرتے کہ وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان، بابر اعوان و دیگر حکومتی پیاروں کیخلاف نیب کیوں گو سلو کی پالیسی سے چل رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز والٹن روڈ پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر یٰسین سوہل، میاں نصیر، چودھری سجاد، قاری حنیف اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ نیب انتقامی کارروائیاں کررہا ہے۔ قیصر امین بٹ مجبور شخص ہے، جن لوگوں نے تحقیقات کرنی ہیں وہ میرے ذاتی مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں بولتا ہوں لیکن ان حربوں سے میرا کچھ بگڑنے والا نہیں، میں بولتا رہوں گا۔