آبدوز ’’ہنگور‘‘ 1971 ء کی جنگ میں پاک بحریہ کا فخر ثابت ہو ئی‘ عبید اﷲ خا ن

Dec 10, 2018

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ نے 9 دسمبر کو بطور ہنگور ڈے منایا۔ یہ دن 71 ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو 9 دسمبر کے دن سمندر برد کر دیا تھا۔ ہنگور ڈے کی تقریب پاکستان میری ٹائم میوزیم میں ، پاکستان نیوی سب میرین ہنگور کے عقب میں منعقد کی گئی۔ وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) عبیداللہ خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے زور دیا کہ 71 ء کی جنگ میں آبدورز ہنگور پاک بحریہ کا فخر رہی۔ اس کا بہادر عمل نہ صرف ایک شاندرا جنگی حربہ تھا جس نے بھارتی نیوی کے فریگیٹ جہاز کو سمندر برد کر دیا بلکہ یہ پاک بحریہ کی اسٹریٹیجک حکمت عملی کا ایک ایسا آغاز تھا جس نے 71 کی جنگ میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کی گئی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر محدود کر دیا۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے کے ساتھ ہی بھارتی بحریہ کے حوصلے پست ہو گئے اور ان کے کراچی پر حملہ آور ہونے کے مزموم ارادے خاک میں مل گئے۔ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے سے بھارتی بحریہ کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا جس میں ان کے 18 افسر اور 176 سیلر ہلاک ہوئے۔ وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) عبیداللہ نے پاک بحریہ کی آبدوز غازی کے جرأتمندانہ اقدام کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

مزیدخبریں