لندن (اے پی پی) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ڈسپلنری پینل نے انگلش کرکٹرز بین سٹوکس اور ایلکس ہیلز کو برسٹل نائٹ کلب جھگڑا کیس سے کلیئر قرار دیتے ہوئے دونوں پر جرمانے عائد کر دیئے، دونوں کھلاڑی دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ دونوں کھلاڑی گزشتہ سال ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے دوران برسٹل نائٹ کلب کے باہر جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے۔ عدالت نے آل رائونڈر سٹوکس پر کرمنل چارجز عائد کئے تھے جبکہ ہیلز کو کلین چٹ دے دی گئی تھی، رواں سال اگست میں عدالت نے سٹوکس کو بھی کرمنل چارجز سے کلیئر قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔