کراچی 10 دسمبر: تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 کے فائنل میچ اور اختتامی تقریب کا انعقاد روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں ہوا۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل میچ پاکستان کے فرحان محبوب اور مصر کے یوسف ابراہیم کے مابین کھیلا گیا جس میں یوسف ابراہیم نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی اور تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 کے چمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
تقریب تقسم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ٹورنا منٹ ڈائریکٹر کموڈور حبیب الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں اسکواش کا کھیل ایک شاندار ماضی کا حامل ہے اس کھیل کی بدولت ملک کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آج بھی اسکواش کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور پاک بحریہ نئے ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے تاکہ یہ ورثہ برقرار رکھتے ہوئے اس کھیل میں کامیابی کا سفر جاری رہے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ اور ایسے دیگر ٹورنامنٹس کا باقاعدگی سے انعقادملک میں اسکواش کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے اسکواش ایسوسی ایشن، پاکستان اسکواش فیڈریشن، اسپانسرز اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا ۔
بعد ازین ، پاک بحریہ کے سرابرہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مختلف کیٹیگریز میں فتح یاب کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی محنت اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
سمندری حدود کے دفاع کی بنیادی ذمہ داری خوش اسلوبی سے انجام دینے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ ملکی اور بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹس منعقد کر کے ملک میں کھیل کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔پاک بحریہ کی جانب سے گالف، ہاکی، شوٹنگ، اسکواش اور کشتی رانی کے ملکی اور بین الاقومی مقابلوں کا کامیاب انعقاد بھی ملک میں کھیل کے صحت مندانہ کلچر کی ترویج کا باعث ہے۔
اختتامی تقریب میں سول ملٹری معززین، اسپانسرز اور اسکواش کے سینئیر کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔