313 مصنوعات کو چینی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی: وزارت تجارت

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی‘نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی 313 مصنوعات کو یکم جنوری سے چینی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی۔ وزرات تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یکم جنوری سے پاکستان کی 313 مصنوعات کو چینی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی اور جن پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی دی گئی ہے ان میں چین کی عالمی درآمدات 64 ارب ڈالر ہے۔ پاک چین تجارتی ٹیرف مراعات کا اطلاق یکم جنوری 2020ء سے ہوگا۔ وزارت تجارت اعلامیہ کے مطابق تجارتی معاہدہ دوم کے تحت مصنوعات پر مراعات کا اطلاق دوطرفہ ہوگا۔ چینی منڈیوں میں پاکستان کو آسیان ممالک کے مساوی مراعات ہوں گی۔ جن پاکستانی مصنوعات کو رسائی دی گئی ان میں چین کی عالمی درآمدات 65 ارب ڈالر ہیں۔ دریں اثناء ایف بی آر نے متحدہ عرب امارات کی وزارت خزانہ کے نام خط میں پاکستانی اقامہ رکھنے والے افراد کی معلومات کے تبادلہ کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ٹفیکس چوری کرکے پیسہ پاکستان سے نکال کر یو اے ای میں رکھنے والوں کی معلومات دی جائیں۔دریں اثناء مشیر تجارت کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں تجارتی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، مشیر تجارت نے کہا کہ حکومت نجی شعبہ کو سہولیات فراہم کریگی، اجلاس میں پاکستان میں پے منٹ گیٹ وے بنانے، ای کامرس پر ٹیکسیشن، ای کامرس کے افتتاح کو جنوری کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کرنے پر غور کیا گیا، اجلاس میں نجی شعبہ کے نمائندوں نے اے کامرس کے فروغ کے لئے مکمل نظام لانے کی تجویز دی، ٹیکسیشن کے حوالے سے صوبائی ریونیو اتھارٹیز سے بھی بات چیت کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ دوہرے ٹیکس سے بچا جاسکے، اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اس بارے میں تجاویز یکم جنوری تک دی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن