اسلام آباد (این این آئی)پاک بحریہ نے ہنگور ڈے کے موقع پر خصوصی پرومو جاری کردیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پرومو میں ایک نظم بھی پیش کی گئی ہے جس میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی1971 کی جنگ میں دشمن کے خلاف لازوال کامیابی کو اجاگر کیا گیاہے۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ 1971کی جنگ میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے کامیابی سے کارروائی کرتے ہوئے بہادری کی عظیم تاریخ رقم کی تھی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 1971 میں آج ہی کے دن پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز کْکری کو غرقاب کیا۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس میں کسی آبدوز نے بحری جہاز کو نیست و نابود کیا - ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری معرکوں میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کا یہ کارنامہ ہمارے دشمنوں کو کبھی نہ بھولے گا۔پاک بحریہ کی جانب سے ہنگور ڈے کے موقع پر خصوصی ڈاکومنٹری ریلیز کردی گئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق خصوصی ڈاکومنٹری کا ٹائٹل دن کی مناسبت سے 9 دسمبر رکھا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈاکومینٹری میں پاک بحریہ کی سبمیرین سروس کے کردار اور کامیابیوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا گیا۔
پاک بحریہ نے آبدوز ہنگور ڈے پر خصوصی پرومو جاری کر دیا
Dec 10, 2019