اسلام آباد (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) کی جانب سے پبلک فنانسنگ اورتوانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ضمن میں پاکستان کیلئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے بجٹ معاونت فنڈ کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے سے نہ صرف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ مالیاتی توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی اور معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔معاہدے پر پیر کویہاں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری سید پرویز عباس اور ایشیائی ترقیاتی بنک ی کنٹری ڈائریکٹر ژیاوہانگ یانگ نے دستخط کیے۔ وفاقی وزیراقتصادی امورحماداظہر اوروزارت اقتصادی امور کے اعلیٰ افسران اورایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان شاخ کے عہدیدار بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وفاقی وزیراقتصادی امورنے اس موقع پر کہاکہ فنڈ سے حکومت کو گردشی قرض کے مسئلہ کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا حکومت ایشیائی ترقیاتی بنک کی جاری حمایت پر اے ڈی بی کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہتی ہے۔معاہدے کے تحت ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مالی گنجائش بھی فراہم ہوگی۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے قرضوں کی فراہمی حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر ژیاوہانگ یانگ نے کہاکہ قرضہ کی منظوری اے ڈی بی کے تمام بورڈ نے متفقہ طورپر کی ہے۔ بنک پاکستان کی معیشیت کو مضبوط ومستحکم بنانے اور بیرونی مالیاتی خطرات کے شاکس سے پاکستان کوبچانے میں پرعزم ہے۔ منظورشدہ فنڈزسے سماجی اوراقتصادی ترقی اورپائیداربڑھوتری کیلئے حکومت کو ہنگامی بنیادوں میں فنانسنگ میں مدد ملے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے مطا بق فوری اداہونے والی پالیسی بنیاد پر قرضہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈز کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی استحکام کیلئے اصلاحات کے پروگرام کا حصہ ہے، یہ پروگرام 2018 کے وسط میں پاکستان کی ابتر اقتصادی پروگرام کے بعد شروع کیا گیا۔ ابتر زری اورمالیاتی صورتحال سے اس وقت پاکستان میں بڑھوتری اورتخفیف غربت کے خاتمے کی کوششوں کیلئے خطرات پیدا ہوگئے تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے مطابق بنک مالی سال 2019-20ء کے دوران پاکستان کو 2.1 ارب ڈالر فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان کیلئے بجٹ سپورٹ کے علاوہ توانائی کے شعبے کے اصلاحاتی پروگرام کے لئے تیس کروڑ ڈالر قرضے کی بھی منظوری دی۔